14 اپریل 2015 - 11:36
داعش کی تخریبی کاروائیوں پر یونیسکو کا انتباہ

عراق کے قدیمی اور تاریخی شہر نمرود کو تباہ کئے جانے کے بعد اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسکو نے اعلان کیا ہے کہ داعش گروہ، ملت عراق کی تاریخ کو نیست و نابود کرنے کے درپے ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق یونسکو کی ڈائریکٹر جنرل ایرینا بوکووا نے تاریخی شہر نمرود کی تباہی کو ایک تباہ کن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر نے نہ صرف مجسموں اور قیمی آثار کو نیست و نابود کرنے پر اکتفا نہیں کیا ہے بلکہ اس قدیم شہر کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے مکمل تباہ کر دیا ہے تاکہ منظم طور پر عراق کے تاریخی آثار کو مٹا دیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیسکو، عراق میں داعش دہشت گردوں کے ہاتھوں قدیم شہر نمرود کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو ایک جنون آمیز عمل اور پاگل پن قرار دیتا ہے۔ ایرینا بوکووا نے کہا کہ داعش اس کام کے ذریعے عراقی قوم کی تاریخ کو نیست و نابود کرنا چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ نمرود شہر کی تباہی پر ماہرین آثار قدیمہ اور عالمی برادری نے شدید ردعمل اور اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے، جو مغرب اور امریکہ کے بعض اتحادی ممالک کا پروردہ ہے، اس سے قبل بھی موصل میوزیم کے آثار قدیمہ کو تباہ کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ یہ تاریخی آثار بت پرستی کے مصداق ہیں اور اس طرح کے آثار مٹا دینے چاہئیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲